Ticker

8/recent/ticker-posts

اماراتی صدر کا دورہ، فرانس کو خام تیل اور ڈیزل کی فراہمی کی پیشکش

 


Now Reading:

اماراتی صدر کا دورہ، فرانس کو خام تیل اور ڈیزل کی فراہمی کی پیشکش

متحدہ عرب امارات نے فرانس کو خام تیل اور ڈیزل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ خدشہ ہے کہ یوکرین جنگ کے باعث مغربی پابندیوں کے ردعمل میں روس یورپ کو گیس کی فراہمی روک سکتا ہے۔

مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر پیر کے روز پیرس پہنچے تھے۔ پیرس کے ایلیسی پیلس میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سے ملاقات میں اُنہیں یہ پیشکش کی۔ اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ  متحدہ عرب امارات تمام لوگوں خاص طور پر فرانس کے لیے توانائی کے تحفظ کی حمایت کے لیے پرعزم ہےاور توانائی کے شعبے میں تعاون ہمارے لیے اہم ہے۔

فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات کے دوران مستقبل میں توانائی کی ضروریات، موسمیاتی تبدیلیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے علاوہ علاقائی سلامتی و استحکام کو تقویت دینے کی کوششوں کے شعبوں میں مشترکا اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک وسیع تر اسٹریٹجک معاہدے پر بھی دستخط کیے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق اس شراکت داری کا مقصد دونوں ملکوں میں ہائیڈروجن اور جوہری توانائی کے قابل تجدید شعبوں میں مشترکا سرمایہ کاری کے منصوبوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش کے مطابق 40 سال سے مشرق بعید کو خام تیل فروخت کرنے کے بعد اب بحران کے اس وقت میں یورپ لے کر جا رہے ہیں۔ امارات ایک قابل اعتماد شراکت دار اور توانائی کا ذریعہ بنے رہنے کے لیے پرعزم ہے۔ اماراتی صدر کے مشیر نے کہا کہ توانائی کی موجودہ غیریقینی صورتحال کے تناظر میں یہ معاہدہ تعاون کے لیے مستحکم اور طویل مدتی فریم ورک کی راہ ہموار کرے گا اور نئے صنعتی معاہدوں کے لیے بھی راستے کھولے گا۔

واضح رہے کہ فرانس متحدہ عرب امارات کا ایک اہم سرمایہ کار ہے۔ 2020ء کے آخر تک امارات میں فرانس کی براہ راست سرمایہ کاری 2.5 بلین یورو تھی جبکہ متحدہ عرب امارات فرانس میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی فہرست میں 35 ویں نمبر پر ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے