Ticker

8/recent/ticker-posts

دعا زہرا کی بازیابی سے متعلق درخواست پرفیصلہ محفوظ

 

کراچی: دعا زہرا کی بازیابی سے متعلق درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دعا زہرا بازیابی کیس سےمتعلق سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی،پولیس اور ملزم ظہیر سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ لڑکی اس وقت دارالامان میں ہے؟ جواب میں وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جی دعا اس وقت لاہور کےشیلٹر ہوم میں ہے۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے اعتراف کیا، دعا زہرا کےاغوا کے وقت ظہیر کراچی میں تھا،لڑکی کو والدین سےنہیں بلکہ شوہر سے جان کوخطرے کا خدشے کا اظہار کیا گیا، جس پر معزز جج نے کہا کہ آپ دلائل دیں ہم نے تفتیشی افسر کو سننا ہے۔

کمرہ عدالت میں موجود ڈی ایس پی شوکت شاہانی نے عدالت کو بتایا کہ میں سابق تفتیشی افسرہوں، جس پر جسٹس محمد اقبال نے ریمارکس دئیے کہ لڑکی کو تو ہر صورت کراچی لانا ہے، کیس یہاں زیرالتوا ہے،یہاں بھی شیلٹرہوم ہیں،کراچی میں بھی لڑکی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، شیلٹر ہوم میں بھی حفاظتی انتظامات کیےگئےہونگے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیس کراچی میں ہے تو لڑکی بھی یہیں لانا ہوگا،جرم کراچی میں ہواہےتو کیس کی سماعت بھی یہی  ہوگی  جبکہ لڑکی کے والدین بھی کراچی میں رہتے ہیں۔

اس موقع پر ملزم ظہیر کے وکیل نے دعا زہرا کی کراچی منتقلی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کو کراچی منتقل نہیں کیا جاسکتا، جس پر عدالت نے کہا کہ لڑکی کم عمرثابت ہوچکی ہے،اس کےبیان کی کوئی اہمیت نہیں، ہم لڑکی کی کسٹڈی والدین کےحوالے کرنے کاحکم نہیں دےرہے۔

وکیل صفائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لڑکی اگرکسی سےنہ ملنا چاہےتو بھی کوئی اس سےنہیں مل سکتا، عدالت بھی چاہےتو لڑکی سےملنے کا نہیں کہہ سکتی، ہم چاہتے ہیں کہ جہاں کیس زیرالتوا ہے لڑکی کو وہیں کے شیلٹر ہوم میں رکھا جائے۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ظہیر کے بینک اکاؤنٹس اورشناختی کارڈز بلاک کردیےہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کتنے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں؟ ، وکیل نے بتایا کہ ظہیراوراس کے بھائیوں کےچار اکاؤنٹس منجمد کیےگئےہیں وہ کھولے جائیں۔

عدالت نے وکیل صفائی کو حکم دیا کہ اکاؤنٹس کھولنے کےلیےالگ سے درخواست دائر کریں۔

دوران سماعت حکومت سندھ نےبھی دعا زہراکو کراچی منتقل کرنے کی حمایت کی، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس کراچی میں زیرسماعت ہے،ریاستی تحویل میں لڑکی کو کراچی منتقل کیا جائے جبکہ وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی دعا کو کراچی منتقل کرنے کی حمایت کی۔

سندھ ہائی کورٹ نے تمام شواہد کی روشنی میں دعا زہرا کی بازیابی سےمتعلق درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت کی جانب سے بتایا گیا کہ فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے