Now Reading:
کائنات میں 5 ہزار میل فی سیکنڈ کی تیزترین رفتار سے سفر کرنے والا ستارہ دریافت
ماہرین فلکیات نے کائنات کے تیز ترین ستاروں میں سے ایک ایس 4716 نامی ستارہ دریافت کیا ہے جو ریکارڈ وقت میں کائنات کے مرکز میں واقع کہکشاں (ملکی وے) کے قریب موجود سیجی ٹیریس اے نامی بلیک ہول کے گرد چکر لگاتا ہے۔
ایس 4716 ستاروں کے گنجان جھرمٹ کا حصہ ہے جسے سیجی ٹیریس اے کے ستاروں کا جھرمٹ بھی کہا جاتا ہے، اس میں تقریباً 100 تیزی سے حرکت کرنے والے ستارے موجود ہیں۔ محققین کو مشاہدے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ستارہ 23.5 ملین کلومیٹر والے بڑے سائز کے بلیک ہول کے گرد چکر صرف چار برس میں مکمل کرتا ہے جو اب تک کسی بھی ستارے کا اپنے مدار میں چکر کاٹنے کا سب سے مختصر وقت ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ستارہ تقریباً 18 ملین میل فی گھنٹہ (29 ملین کلومیٹر فی گھنٹہ) یا تقریباً 5000 میل فی سیکنڈ کی تیز رفتاری سے سفر کر رہا ہے۔
اس ستارے کو کولون یونیورسٹی اور مساریک یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا۔ ستارے کا مشاہدہ کرنے کے لیے پانچ دوربینوں کی ضرورت تھی جن میں سے چار کو جوڑ کر ایک بڑی خلائی دوربین بنائی گئی تاکہ اس سے ستارے کے متعلق زیادہ درست اور تفصیلی مشاہدات کیے جا سکیں۔ ان خلائی دوربینوں میں ہوائی میں موجود این آئی آر ٹو اور اوسرس جبکہ یورپی جنوبی آبزرویٹری کی سنفونی اور ناکو اور گریویٹی دوربینیں شامل تھیں۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ ستارہ بلیک ہول سے تقریباً ایک سو فلکیاتی یونٹس (کائنات میں فاصلہ ناپنے کی سب سے چھوٹی اکائی) کے قریب ہے۔ ایک فلکیاتی یونٹ زمین سے سورج تک کے فاصلے کے برابر ہے اور اس میں تقریباً 149,597,870 کلومیٹر ہوتے ہیں
0 تبصرے