برلن : یورپ میں پہلی بار گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چُھو گیا ہے جس سے گرمی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔
یورپ کے بیشتر حصوں میں ہیٹ ویوز کی وجہ سے درجہ حرارت 40 سے 50 ڈگری کے درمیان پہنچ چکا ہے، اور اس مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
برطانیہ میں آج تاریخ کے گرم ترین دن کی پیش گوئی پر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے، لندن میں گرمی سے بچنے کی کوششوں میں دریاؤں اور جھیلوں میں ڈوب کر 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر جاری ہے، برطانیہ میں درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشرقی انگلینڈ کے شہر سفولک میں پیر کو درجۂ حرارت 38.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شدید گرمی کی وجہ سے لندن کے کنارے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی جس نے 14 افراد کو انخلا پر مجبور کیا۔ آگ کے شعلوں کی وجہ سے عمارتیں، مکانات اور گیراج کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی تنظیم کے سربراہ پیٹری ٹالاس نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ گرمی کی لہریں مسلسل زیادہ ہوتی جا رہی ہیں اور ایسا کم از کم 2060 تک جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اس قسم کی گرمی کی لہریں معمول کی بات ہو گی، اور ہم اس سے بھی زیادہ (گرمی کی) شدید انتہا دیکھیں گے۔
دوسری جانب فرانس، پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں شدید گرمی کے باعث آگ بھڑک اٹھی، پرتگال میں جنگلات کا 75ہزار ایکڑ اور فرانس میں 22 ہزار ایکڑ حصہ آگ کی لپیٹ میں آگیا، متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
0 تبصرے