Ticker

8/recent/ticker-posts

سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات ملتوی

 

کراچی میں این اے 245 پر ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں جب کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 245  کراچی کا ضمنی الیکشن ملتوی کردیا ہے جب کہ سندھ میں دوسرے مرحلے میں اتوار 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اس سلسلے میں کل نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا جب کہ نئی تاریخ کااعلان کل ہی کیا جائے گا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسران مرحلہ ملتوی کرنے کے لیے درخواست دی ہے جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کیا جائے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ دو روز میں سندھ حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی نئی تاریخ طے کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ سے موسم کی صورتحال پر رپورٹ بھی طلب کی گئی تھی جس پر ای سی کو 23، 24 اور 25 جولائی کو بارشوں کی پیشگوئی کی رپورٹ ارسال کی جاچکی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے متعدد درخواستیں الیکشن کمیشن کو موصول ہوئی ہیں، جن میں الیکشن آئندہ ماہ کرانے کی درخواست کی گئی ہے جب کہ ڈپٹی کمشنرز، آر اوز بھی پولنگ اسٹیشنز کے اطراف پانی جمع ہونے کی مشکلات سے آگاہ کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ 21 یا 28 اگست تک کیے جانے کا امکان ہے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان کل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں اتوار 24 جولائی کو کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن میں پولنگ جب کہ پی ٹی آئی ایم این اے عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن 27 جولائی کو شیڈول تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے