نئی دہلی: بھارتی حکومت کی جانب سے جاری اعداوشمار کے مطابق تقریبا 4 لاکھ بھارتیوں نے گزشتہ تین سال کے دوران اپنے ملک کی شہریت چھوڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھوجن سماج پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے لوک سبھا میں گزشتہ تین سال کے دوران بھارتی شہریت چھوڑنے والے شہریوں کے اعدادو شمار پیش کردیے۔
اعداوشمار کے مطابق تین لاکھ 92 ہزار 643 شہریوں نے بھارتی شہریت چھوڑ کر دیگر ممالک کی شہریت حاصل کرلی ہے، 2019 میں ایک لاکھ 17، 2020 میں 85 ہزار 256 اور 2021 میں ایک لاکھ 63 ہزار شہریوں نے بھارتی شہریت ترک کردی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین سالوں کے دوران بھارتی شہریت چھوڑنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان کی شہریت چھوڑنے والوں کے لیے پسندیدہ ترین ممالک میں امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سرفہرست ہیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ایک لاکھ 70 ہزار 795 بھارتی شہریوں نے امریکا کی شہریت حاصل کرنے کیلئے بھارتی شہریت ترک کی، جبکہ 64 ہزار 71 بھارتی شہریوں نے کینیڈا کی شہریت حاصل کرلی ہے۔
فہرست میں تیسرا نمبر آسٹریلیا کا ہے، جس کی شہریت حاصل کرنے کیلئے 58 ہزار سے زائد شہریوں نے بھارتی شہریت چھوڑ دی۔
خیال رہے انڈیا کے آئین کے تحت کوئی شہری دوہری شہریت نہیں رکھ سکتا اور کسی اور ملک کی شہریت لینے کے لیے انڈین شہریت چھوڑنا پڑتا ہے۔
0 تبصرے