اسلام آباد: سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہبازشریف نے سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک پیش کی اور سعودی عرب کے عوام کے لیے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک دی۔
وزیراعظم نے کامیاب حج آپریشن پر مبارک دیتے ہوئے حجاج کرام خاص طورپر پاکستانی حاجیوں کی بھرپور دیکھ بھال پر سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں کا حوالہ دیا جو وقت کے ساتھ بتدریج مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔
0 تبصرے