مؤثر ابلاغی مہارتیں زندگی کے کئی پہلوئو ں میں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں۔ بہت سی ملازمتوں کیلئے بہترین کمیونیکیشن کی مہارتیں ضروری ہوتی ہیں اور مؤثر ابلاغی صلاحیت رکھنے والے افراد عام طورپر اپنے حلقۂ احباب میں بہتر تعلقات قائم رکھنے میں اچھی طرح کامیاب رہتے ہیں۔
مؤثر کمیونیکیشن باہمی تعلقات قائم رکھنے میں بہت اہم ہوتی ہے، اسی وجہ سے اس میں بہتر ی لانی چاہئے کیونکہ اس کے بہت سے فوائد ہیں۔ کمیونیکیشن کی صلاحیتوں میں درج ذیل طریقوںسے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
غور سے سنیں
سننے اور غور سے سننے میں فرق ہے۔ غور سے سننے کا مطلب یہ ہے کہ آپ صرف الفاظ پر ہی دھیان نہ دیں بلکہ یہ دیکھیں کہ دوسرے بات کیسے کررہے ہیںاور غیر زبانی(یعنی حرکات و سکنات سے) کیا پیغامات دے رہے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ وضاحت اوررد عمل کی تکنیکوں کو استعمال کرتے ہوئے دوسرے شخص کی کہی بات کی تصدیق کی جائے اور ابہام سے بچا جائے۔ سنتے ہوئے یہ سوچنے کی کوشش نہ کریں کہ آپ اس کی با ت کا کیا جواب دیں گے ، اس کے بجائے اپنے دماغ کو کھلا رکھیں اور اس بات پر غور کریں، جو آپ تک پہنچ رہی ہے۔ آپ کے دوست ، کولیگز اور دیگر شناسا افراد آپ کی سننے کی مہارت کا اعتراف کریں گے۔
لوگوں کے جذبات سے آگاہی
دوسروں کے دکھ درد پر ہمدردی ظاہر کریں اور ان کی کامیابیوں پرمبارک باد دیں۔ اس طرح آپ کو معلوم ہوگاکہ دوسروںکی زندگی میں کیا ہورہاہے۔ آئی کونٹیکٹ قائم رکھیں اور لوگوں کو ان کےنام سے پکاریں۔ دوسروںسے رائے لینے سے قطعی نہ گھبرائیں، اس سے انہیں محسوس ہوگا کہ آپ ان کی قدر کرتے ہیں۔ جو آپ کہہ رہے ہیں، اس کا ادراک آپ کو ذاتی نقطہ نگاہ سے ہوناچاہئےاور ایسی بات کرنی چاہئے جو دوسرے لوگوں کیلئے قابل قبول ہو۔
ہمدردی ظاہر کریں
ہمدردی وہ چشمہ ہے، جس سے آپ دوسروں کو دیکھتے ہیں۔ جب آ پ دوسروں سے بات کررہے ہوں تو جج بننے کی کوشش نہ کریں اور اعتقاد یا خیالات کی بنیاد پر کسی کی طرف داری نہ کریں، اس کےبجائے صورتحال کا جائزہ لیں اور دوسرے شخص کے نقطہ نظرسے رد عمل دیکھیں۔ اپنے جذبات پرقابو رکھیں اور اپنے نقطہ نظر کوایسے بیان کریں کہ دوسرے سمجھ جائیں۔ اگر موزوں سمجھیں تو اپنی ذاتی رائے کوواضح طور پر اور ایمانداری سے بیان کریں تاکہ ابہام سے بچا جائے۔ یہ ذہن میں رہے کہ کچھ موضوعات ایسے ہوتے ہیں کہ جن پر بات نہ کی جائے تو بہتر ہے کیونکہ ان سے سامنے والے کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔
برابری کا سلوک رو ا رکھیں
لوگوں سے برابری کی سطح پر بات کریں۔ یہ نہیں کہ کسی کی بات آپ نے سن لی اور کسی کی نہیں۔ لوگوں کےپیٹھ پیچھے بات نہ کریں۔ آپ کی نظر میں سب لوگ برابر ہونے چاہئیں، چاہے وہ آپ کے سامنے ہوں یا نہ ہوں کیونکہ اسی طرح آپ اپنی عزت کما سکتے ہیں۔ جو کچھ آپ کہتے ہیں اس پر لوگوں کا ردِعمل دیکھیں کہ وہ آپ کی بات کو سمجھے ہیں یا نہیںتاکہ منفی احساسات سے بچا جاسکے۔ سامنے والے کے فیڈ بیک اور تنقید کو ایمانداری سے سننے کا حوصلہ پیدا کیجئے اور انہیں احساس دلائیے کہ آپ ان کی بات سننا چاہتے ہیں
حوصلہ افزائی کریں
ایسے الفاظ استعمال کریں جس سے لوگوں میں حوصلہ پیدا ہو۔ دوسروں کی تعریف کریں، انھیں احساس دلائیں کہ آپ ان کی قدر کرتے ہیں اور آپ ان کے معترف ہیں۔ جب آپ لوگوںکی قدر کریں گے تو وہ بھی آپ کے ساتھ بہترین رویہ اپنانے کی کوشش کریں گے۔ اپنی کمیونیکیشن کو بہترین بنانے کیلئے مؤثر باڈی لینگویج کا سہارا لیں کیونکہ یہ بھی بہت ضروری ہے۔
مثبت رویہ اپنائیں اور مسکرائیں
اپنے رویے کو دوستانہ، مثبت اورآسان رکھیں۔ اپنی مسکراہٹ سے لوگوں کو باور کروائیں کہ وہ آپ سے بآسانی بات کرسکتے ہیں۔ چیزیں آپ کی توقعات کے مطابق نہ ہورہی ہوں تو ایسے میں پُرامید رہیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھیں۔ جب آپ مسکرائیں گے تو لوگ بھی آپ کے ساتھ مثبت رد عمل ظاہر کریں گے ۔
تنازعات دور کرنے کی کوشش کریں
مسائل حل ا ور تنازعات دور کرنا سیکھیں ۔ یہ جانیں کہ آپ کس طرح ثالثی کا کام انجام دے سکتے ہیں اور فریقین کے درمیان معاملات سلجھا سکتے ہیں۔ یہاں آ پ کے غور سے سننے اور سمجھنے کی صلاحیت بہت کام آتی ہے اور آپ کسی بھی مباحثے میں اپنی صلاحیت سے فریقین کے درمیان بات چیت کروانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ یہاں بھی کسی کی طرف داری کرنے یا جج بننے کی ضرورت نہیں ہے، بس آپ کا کام اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف قدم بڑھانا ہے۔
0 تبصرے