ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری فوج کی نگرانی میں شروع کرنے کی تیاریاں
الیکشن 2023ء اور نئے این ایف سی ایوارڈ کیلئے راہ ہموار کرنے کا عمل شروع ہوگیا۔ ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا پائلٹ پراجیکٹ 18 جولائی سے فوج کی نگرانی میں شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئيں۔
پہلی ڈیجیٹل اور پاکستان کی تاریخ کی ساتویں مردم شماری کے پائلٹ پراجیکٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سماء کو موصول دستاویزات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کو 5 ارب روپے منتقل کردیئے گئے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم ڈیجیٹل مردم شماری سے صوبوں کے درمیان اعتماد بڑھے گا۔
آئندہ ماہ 18 جولائی سے شروع ہونیوالے پائلٹ پراجیکٹ میں 2 لاکھ سے زائد افسر اور فوجی جوان بھی مردم شماری کی ڈیوٹی دیں گے۔
ملک بھر سے کراچی، پشاور، آزاد کشمیر اور گلگت۔بلتستان سمیت 33 اضلاع پائلٹ پراجیکٹ میں شامل ہیں، کوئٹہ اور لاہور منصوبے کا حصہ نہیں ہیں، 175 دیہی اور 254 شہری بلاکس میں پائلٹ مردم شماری کرائی جائے گی۔
پلاننگ کمیشن کو پائلٹ مردم شماری 15 اگست سے پہلے مکمل کرنے کا ٹاسک ديا گيا ہے۔ شہریوں کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سے آن لائن مردم شماری فارم پر کرنے کی سہولت بھی ہوگی، ہر خاندان کو خصوصی پن کوڈ ملے گا۔
پائلٹ پراجیکٹ کے پیرا میٹرز مشترکہ مفادات کونسل کے اگلے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے بعد دسمبر 2022ء تک ملک بھر میں مردم شماری مکمل کرنے کا ٹاسک دیا جائے گا۔

0 تبصرے